لانگ مارچ کو راولپنڈی میں دو مرحلوں میں شروع کرنے کا فیصلہ


راولپنڈی (عزیز علوی)پاکستان تحریک انصاف نے لانگ مارچ کو راولپنڈی میں دو مرحلوں میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے 26 نومبر کو مریڑ چوک سے لیاقت باغ تک لانگ مارچ ہوگا اور شرکا لیاقت باغ میں پڑائو ڈالیں گے جس سے چیئرمین عمران خان خطاب کریں گے پی ٹی آئی 27 نومبر کو لانگ مارچ کا دوسرا مرحلہ شروع کرے گی اور لانگ مارچ 27 نومبر کو لیاقت باغ سے کمیٹی چوک کے راستے رحمان آباد جائے گا جہاں دوسرے مرحلے کا پڑائو ہوگا رحمان آباد چوک میں عمران خان شرکا سے خطاب کریں گے پی ٹی آئی 26 اور 27 نومبر کو اپنے حقیقی آزادی مارچ کا راولپنڈی میں ٹیمپو بنا کر اگلا لائحہ عمل جاری کرے گی تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے شرکا کیلئے مری روڈ پر لیاقت باغ، نواز شریف پارک اور شہباز شریف پارک راول روڈ پر ڈیڑھ ڈیڑھ سو واش روم بنائے گئے ہیں جبکہ لانگ مارچ کے شرکا کو ٹھہرانے کیلئے راولپنڈی شہر کے ہوٹلوں میں بکنگ کی جا رہی ہے پی ٹی آئی کے مقامی رہنما مارکیٹوں میں دکان دکان جاکر پمفلٹ تقسیم کر رہے ہیں جس میں تاجروں سے کہا گیا ہے کہ وہ حقیقی آزادی مارچ کو راولپنڈی میں کامیاب بنانے کیلئے ساتھ دیں۔

اسلام آباد (وقائع نگار‘ اپنے سٹاف رپورٹر سے) پی ٹی آئی نے دھرنے اور جلسے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ میں نئی درخواست دائر کردی۔ درخواست میں وفاقی حکومت، آئی جی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ قانون و آئین پرامن احتجاج کی اجازت دیتا ہے۔ عدالت فریقین کو دھرنے کی اجازت کا این او سی جاری کرنے کا حکم دے۔ درخواست میں استدعاکی گئی کہ عدالت فریقین کو ممکنہ طور پر جلسے کے شرکاء پر طاقت کے استعمال کو روکنے کا حکم دے۔ تحریک انصاف نے دھرنا، جلسہ، راستوں کی بندش اور عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو پریڈگرائونڈ میں اتارنے کی اجازت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ پی ٹی آئی اسلام آبادکے ڈویژنل صدر ملک ساجد کی جانب سے دائر درخواست میں وفاق، انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 26  نومبر کو راولپنڈی جلسہ میں شرکت کیلئے اسلام آباد سے بھی قافلے جائیں گے، استدعا ہے کہ راستوں کی بندش، کارکنوں کو ہراساں کیے جانے سے روکا جائے اور پریڈ گرائونڈ میں عمران خان کے ہیلی کاپٹر کو اتارنے اور ٹھہرنے کی اجازت دینے کا حکم دیا جائے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کی مارچ اور جلسہ کے این او سی کیلئے دائر درخواست واپس لیے جانے پر نمٹادی۔ سماعت کے دوران تحریک انصاف کے وکیل نے درخواست واپس لینے کی استدعا کی جس پر عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے درخواست واپس لیے جانے پر نمٹادی۔ ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے پاکستان تحریک انصاف کی ضلعی تنظیم کی جانب سے 26 نومبر کو لانگ مارچ اور دھرنے کے لئے فیض آباد چوک مختص کرنے کیلئے دی گئی درخواست پر اعتراض لگا دیا ہے اور پی ٹی آئی کی مقامی انتظامیہ سے دھرنے اور لانگ مارچ کی جگہ فیض آباد کی بجائے کسی اور جگہ رکھنے کی تجویز دی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے برطانیہ کی کرکٹ ٹیم کے راولپنڈی کے دورے، فیض آباد کے علاقے میں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کی آمد و رفت، علاقے میں سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں، سرکاری عمارتوں کے باعث فیض آباد کے علاقے میں اجتماع کا مقام بدلنے کا کہا ہے۔ پی ٹی آئی نے اس معاملے پر مشاورت کیلئے مہلت طلب کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن