کراچی ، حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات 15جنوری کو ہونگے : الیکشن کمشن 

Nov 23, 2022


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن نے کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق فیصلہ سنادیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمشن کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری 2023ء کو ہوں گے۔ الیکشن کمشن نے اپنے فیصلے میں کہا کہ وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ قانون نافذ کرنے والے اہلکار مہیا کریں۔ چیف سیکرٹری اور آئی جی سندھ سکیورٹی اہلکار تعینات کریں۔ جب کہ سندھ ہائیکورٹ نے بھی الیکشن کمیشن کو 15 روز میں کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن کا شیڈول دینے کا حکم دے رکھا ہے۔ واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے بعد 15 نومبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ 15 نومبر کی سماعت کے دوران امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن، رہنما ایم کیو ایم وسیم اختر، ایڈمنسٹریٹر کراچی اور پی پی پی رہنما مرتضیٰ وہاب اور انسپکٹر جنرل سندھ پولیس الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

مزیدخبریں