لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی سے یو ایس ایڈ پاکستان کے مشن ڈائریکٹر ریڈ ایسچلیمین نے ملاقات کی، جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، واٹر مینجمنٹ، انرجی، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا اور پنجاب اور یو ایس ایڈ کے درمیان ڈویلپمنٹ پارٹنرشپ بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ یو ایس ایڈ کی جانب سے کلین انرجی اور سمال ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ یو ایس ایڈ پاکستان کے مشن ڈائریکٹر نے پنجاب اور کیلیفورنیا کو سسٹر سٹیٹ قرار دینے کے معاہدے کے حوالے سے پیشرفت کا خیرمقدم کیا۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ یو ایس ایڈ پنجاب حکومت کا ایک بہترین ڈویلپمنٹ پارٹنر ہے۔ معیشت کی بہتری، کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے یو ایس ایڈ کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھائیں گے۔ اگلے پانچ سال کے لئے یو ایس ایڈ کی نئی گروتھ حکمت عملی کے تحت مستقبل میں تعاون بڑھانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں گے۔ میرے سابقہ دور کے ایجوکیشن ریفارمز پروگرام کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔ اب ہم نے آتے ہی گریجوایشن تک تعلیم فری کردی ہیں۔ واٹر مینجمنٹ کا پروگرام 2002 میں شروع کیا لیکن بعد میں آنے والی حکومت نے اس پر کوئی کام نہیں کیا۔ پنجاب اور کیلیفورنیا کو سسٹر سٹیٹ قرار دینے کے معاہدے پر عملدرآمد کے لئے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ میں خصوصی سیل بنا دیا ہے۔ اس معاہدے سے باہمی رابطوں میں بہتری آئے گی اور سرمایہ کاری بڑھے گی۔ پنجاب میں عوامی ویلفیئر کے ہر پروگرام پر ہونے والی پیشرفت کی خود مانیٹرنگ کرتا ہوں۔ یو ایس ایڈ پاکستان کے مشن ڈائریکٹر نے پنجاب حکومت کی جانب سے سپورٹ پر وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون اور اشتراک کو مزید فروغ دیں گے۔ علاوہ ازیں پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب کے کالجز میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کالجز میں سپورٹس ٹورنامنٹس کا انعقاد کرایا جائے گا۔ کھیلو ں کے ذریعے مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیں گے۔ یونیورسٹیوں میں فنڈز کے شفاف استعمال کے لئے اصلاحات کی جائیں گی۔ مقامی یونیورسٹیوں سے کنسلٹنٹ ہائر کرنے کے لئے قانون سازی کی جائے گی۔ اجلاس میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور کالجز کو مالی خود مختاری کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ دوسری جانب پرویزالٰہی نے اوکاڑہ کے تھانہ اے ڈویژن میں نوجوان کے ساتھ ناروا سلوک کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ پرویز الٰہی آج جہانیاں کا دورہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ جہانیاں میں چودھری پرویز الٰہی کرکٹ سٹیڈیم میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔ وزیراعلیٰ عوامی نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی پل 114-10/R تا پل132-10/R سڑک کی تعمیر و توسیع کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے جیلانی پارک کا دورہ کیا اور ونٹر فیسٹیول کا وزٹ کیا۔ پنجاب کے روایتی گاؤں کا بھی دورہ کیا۔ فوڈ کورٹ میں روایتی کھانو ں کے لگائے گئے سٹالز کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب کے روایتی کھانو ں کے سٹالز میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا۔