ایگزیکٹ ڈگری کیس،شعیب شیخ کی آئندہ سماعت پر حاضری کی استثنٰی کی درخواست مسترد 


اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے ایگزیکٹ ڈگری کیس میں شعیب شیخ کی آئندہ سماعت پر حاضری کی استثنی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے غیر حاضر ملزمان کے جاری وارنٹ گرفتاری کی عدم تعمیل پر تفتیشی افسر سے وضاحت طلب کرلی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران شعیب شیخ اپنی وکلا ٹیم کیساتھ عدالت میں پیش ہوئے، لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے کہاکہ رضوان شاہ بھی عدالت میں موجود ہیں،عدالت نے استفسار کیاکہ کیا نائیجل کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل ہوئی؟، جس پر ایف آئی اے حکام نے بتایاکہ وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کی کوشش کی ہے،اس موقع پر عدالت نے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ ہونے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے کی سرزنش کرتے ہوئے کہاکہ لگتا ہے آپ کو معلوم ہی نہیں کہ گزشتہ سماعت کا آرڈر ہوا تھا، عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے پر کیوں نہ آپ کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے ؟،عدالت نے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی عدم تعمیل پر تفتیشی افسر سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہاکہ کیا اب ہائیکورٹ کو خطوط لکھے جائیں گے، کیوں نہ اس معاملے پر توہین عدالت کی کارروائی کی جائے؟، دوران سماعت لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے کہاکہ شعیب شیخ کو سنجیدہ نوعیت کے خطرات ہیں،چیف جسٹس نے کہاکہ حاضری سے استثنی کی درخواست میں بیماری کی استدعا کی گئی ہے،آپ نے درخواست میں کسی خطرے کا ذکر نہیں کیا تھا، عدالت نے ایف آئی اے وکیل اشفاق نقوی کی سرزنش کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے اعتراض اٹھایا ہے تو آپ آئندہ سماعت پر قانونی جواب دے دیں، سماعت کو ٹاک شو نہ بنائیں، لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے کہاکہ شعیب شیخ کراچی سے آئے ہیں، وارنٹ کی تعمیل ایف آئی اے نے نہیں کروائی،جب تک کارروائی مکمل نہیں ہوتی شعیب شیخ کو حاضری سے استثنی دے دیں، عدالت نے کہاکہ شعیب شیخ کی حاضری سے استثنی کی درخواست پر نوٹس جاری کر رکھے ہیں،ایف آئی اے عدالتی حکم کی تعمیل کروالے پھر اس معاملے کو دیکھتے ہیں ، عدالت نے مذکورہ بالا اقدامات کے ساتھ کیس کی سماعت2 دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔

ای پیپر دی نیشن