مظفر گڑھ،بستی اللہ بخش(نمائندہ نوائے وقت) ضلع مظفرگڑھ میںمنصوبوںمیں 45کروڑ کی کرپشن، وزیراعلیٰ کا تحقیقات کا حکم۔ تفصیل کے مطابق ضلع کونسل مظفرگڑھ میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر 45کروڑ روپے سے زائد کی رقم نکلوائی گئی۔ جس پر ان حلقوں کے ممبران صوبائی اسمبلی میاں علمدار قریشی، عون ڈوگر اور عبدالحئی دستی نے مبینہ کرپشن کی شکایت وزیراعلیٰ پنجاب کو کردی۔ اور ممبران صوبائی اسمبلی کی شکایت پر وزیراعلی پنجاب نے ضلع کونسل مظفرگڑھ میں ہونیوالی بدعنوانیوں پر انسپکشن ٹیم کو تحقیقات کا حکم دیا تو وزیراعلی پنجاب کی انسپکشن ٹیم قائمقائم چئیرمین خرم اقبال کی سربراہی میں مظفرگڑھ پہنچ گئی ہے اور وزیراعلی پنجاب کی انسپکشن ٹیم نے صوبائی حلقہ پی پی 277 میں جن ترقیاتی کاموں کے نام پر کروڑوں روپے نکلوائے گئے تھے ان علاقوں کا دورہ کیا تو وہ علاقے اور منصوبوں کی کہیں بھی نشاندہی نہ ہوسکی جبکہ اس کرپشن پر ضلعی انتظامیہ نے مسلسل پراسرار خاموشی اختیار کررکھی ہے۔ ضلع کونسل مظفرگڑھ کے ایڈمنسٹریٹر ڈپٹی کمشنر، چیف آفیسر، فنانس آفیسر اور آڈٹ آفیسر اپنے گرد گھیرا تنگ ہونے مبینہ کرپشن کا ملبہ ایک دوسرے پر ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ اس مبینہ کرپشن پر جلد مقدمات درج کرکے گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
مظفرگڑھ ، منصوبوںمیں 45کروڑ کی کرپشن، وزیراعلیٰ کا تحقیقات کا حکم
Nov 23, 2022