کراچی(اسپورٹس رپورٹر)سندھ ویمن سوئمنگ چیمپئن شپ میں4 نئے قومی ریکارڈ زقائم ہوگئے، کراچی گرامر اسکول نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ کراچی ویمنز سوئمنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اورکولگیٹ پامولیو کے تعاون سے دو روزہ 28 ویں پامولیو سندھ ویمن سوئمنگ چیمپئن شپ میں کراچی گرامر اسکول نے 305پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن اپنے نام کرلی۔ بے ویو اکیڈمی 108پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ سی اے ایس سکولز نے 106 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ کراچی جیم خانہ میں منعقدہ ایونٹ میں کراچی کے پندرہ اسکولوں اور مقامی کلبوں کے 261تیراکوں نے حصہ لیا جنہیں چھ گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔دو روزہ چیمپئین شپ میں چار نئے قومی ریکارڈ قائم ہوئے جن میں سے تین سی اے ایس اسکول کی حریم ملک نے بنائے، جنہوں نے 13اور 14سال کی عمر کے مقابلوں میں حصہ لیا اور 100میٹر بریسٹ اسٹروک، 50میٹر بریسٹ اسٹروک اور 200میٹر انفرادی میڈلی میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ حریم ملک کو ایونٹ کی بہترین تیراک بھی قرار دیا گیا۔کراچی جم خانہ کی ایمان شیخ نے 15سال اور 16سال کی عمر کے 100میٹر بیک اسٹروک مقابلے میں نیا قومی ریکارڈ قائم کیا۔بعد ازاں مہمان خصوصی سدرہ اقبال نے لگیٹ پامولیو پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر ذوالفقار لاکھانی، پاکستان اسپیشل اولمپک کی چیئرپرسن رونق لاکھانی، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی نائب صدر فاطمہ لاکھانی اور ممبر پی او اے انوائرمنٹ کمیشن تہمینہ آصف کے ہمراہ جیتنے والوں اور دیگر مقابلوں میں ٹرافیاں،میڈلزاور انفرادی انعامات تقسیم کئے۔