کراچی(اسپورٹس رپورٹر)وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ لگتا ہے عمران خان کا لانگ مارچ اسلام آباد پہنچنے سے پہلے یوٹرن لے لے گا، تاجر برادری عمران نیازی کو میثاق معیشت پر راضی کرلے، میں اپنی قیادت کو منا لوں گا۔ تاجر برادری کی جانب سے اسپورٹس سٹی کے آئیڈیا پر وزیراعلی سندھ سے بات کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی جیمخانہ میں معروف تاجر رہنماایس ایم منیر کی جانب سے پہلے پلس سکسٹی ورلڈ کپ کی فاتح قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ ورلڈ چیمپئن کا اعزاز حاصل کرکے قومی پلس سکسٹی ٹیم نے ثابت کردیا کہ گوروں کی نسبت ہماری فٹنس بہت بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال انڈر 40ورلڈ کپ کے انعقاد میں سندھ حکومت مکمل معاونت کرے گی۔ تاجر رہنمائوں کی جانب سے کراچی میں اسپورٹس سٹی کے قیام کی تجویز پر سعید غنی نے کہا کہ آئیڈیا اچھا ہے، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے اس پر بات کروں گا۔اس وقت دنیا کا سب سے بڑا ایونٹ فٹ بال ولڈ کپ شروع ہوچکا ہے، مجھے برازیل کی ٹیم پسند ہے تاہم ارجنٹائن کی ٹیم بھی مضبوط ہے لیکن ہماری نظریں پاکستانی سیاست کے میچ پر فوکس ہیں۔ تقریب سے ایس ایم منیر، پلس سیکسٹی کے کپتان فواد احمد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں پلس سکسٹی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے علاوہ سابق ٹیسٹ کرکٹرز، معروف تاجر رہنمائوں سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر کو کپتان فواد احمد کی جانب سے شیلڈ پیش کی گئی۔
اسپورٹس سٹی کا آئیڈیا خوش آئند،وزیراعلی سے بات کروں گا،سعیدغنی
Nov 23, 2022