اسلام آباد ہائیکورٹ‘ شیریں مزاری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

Nov 23, 2023

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی عدالت نے سابق وزیر شیریں مزاری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر وکلاءکے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل، ڈپٹی اٹارنی جنرل جبکہ پولیس کی جانب سے وکیل طاہر کاظم عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے کہاکہ پورے اسلام آباد میں کئی لوگوں پرکریمنل کیسز ہیں صرف شیریں مزاری کا نام کیوں شامل کیا گیا، جس پر طاہرکاظم ایڈووکیٹ نے کہاکہ شیریں مزاری کے خلاف سات مقدمات درج ہیں، جن کے پاس کھانا پینا نہیں ہوتا انھوں نے تو بیرون ملک نہیں جانا ہوتا، شیریں مزاری کی ٹریول ہسٹری کافی زیادہ ہے۔ ان لوگوں سے کوئی ڈر نہیں ہوتا جن کی ٹریول ہسٹری نہ ہو یا کھانے پینے کی کمی ہو، عدالت نے کہاکہ کیسز درج ہیں یا ٹریول ہسٹری زیادہ ہے یہ تو کوئی بات نہ ہوئی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شیریں مزاری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

مزیدخبریں