جکارتہ(اے پی پی)انڈونیشیا کے صوبے شمالی مالوکو میں 6.6 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس سے ایک شخص ہلاک ہو گیا،تاہم سونامی الرٹ جاری نہیں کیا گیا۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق ملک کی موسمیات اور جیو فزکس ایجنسی نے بتایا کہ انڈونیشیا کے صوبے شمالی مالوکو میں صبح9 بجکر 48 منٹ پر زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جن کی شدت ریکٹر سکیل پر 6.6 ریکارڈ کی گئی ہے جس سے ایک شخص ہلاک ہو گیا ۔زلزلے کا مرکز ہلمہرہ بارات ضلع سے 68 کلومیٹر شمال مغرب میں اور سمندر کی تہہ سے 109 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ایجنسی نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکے شمالی مالوکو صوبے کے مغربی ہلمہرہ اور شمالی ہلمہرہ کے اضلاع کے ساتھ ساتھ مناڈو شہر، بٹونگ شہر، مناہاسا ضلع اور شمالی سولاویسی صوبے کے سیتارو ضلع میں بھی محسوس کیے گئے۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور تخفیف ایجنسی کے سربراہ فیہبی آلٹنگ نے کہا کہ زلزلے کے باعث ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور پر کام کرنے والااہلکار ٹاورگرنے سےہلاک ہو گیا ہے۔
انڈونیشیا میں 6.6 شدت کا زلزلہ ، ایک شخص ہلاک،سونامی الرٹ جاری نہیں کیا گیا
Nov 23, 2023