ہم 4 ہزار فلسطینی بچے قتل کر دیں تو بھی کم: اوباما کے سابق مشیر کی ویڈیو وائرل

نیویارک (نوائے وقت رپورٹ) سابق امریکی صدر باراک اوباما کے مشیر اور امریکی وزارت خارجہ کے سابق سینئر عہدیدار سٹیورٹ سیلڈووٹز کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ اگر ہم 4000 فلسطینی بچوں کو قتل کر دیں تو یہ بھی کم ہے۔ ویڈیو میں وہ کھل کر مسلمانوں سے اپنی نفرت کا اظہار کر رہے ہیں۔ وائرل ویڈیو میں سٹیورٹ سیلڈووٹز کو نیو یارک میں ایک ہلال فوڈ شاپ (غالباً فلسطینی یا عرب ملک سے تعلق رکھنے والے کسی شخص کی دکان) کے باہر کھڑے نفرت انگیز کلمات ادا کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ہلال فوڈ شاپ پر کھڑا شخص سٹیورٹ سیلڈووٹز سے پوچھتا ہے کہ آپ نے کچھ خریدنا ہے؟ جس پر وہ کہتے ہیں کہ تم دہشتگرد ہو میں تمھیں ایک آنا بھی نہیں دینا چاہتا۔ ویڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ دکاندار امریکی وزارت خارجہ کے سابق عہدیدار سے کہتا ہے کہ میں کام کر رہا ہوں، اگر آپ نے کچھ نہیں خریدنا تو برائے مہربانی آپ یہاں سے چلے جائیں، جس پر سٹیورٹ سیلڈووٹز کہتے ہیں کہ میں تمھاری دکان کے اندر نہیں کھڑا ہوا، کیا تمھارے پاس پرمٹ ہے دکان کا اور کیا تمھارے پاس امریکی شہریت ہے؟ جس پر دکاندار جواب دیتا ہے کہ میرے پاس لائسنس ہے اور میں امریکا میں ہی پیدا ہوا ہوں۔ آپ نے اگر کچھ نہیں خریدنا تو یہاں سے چلے جائیں۔

ای پیپر دی نیشن