لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ استعمار کے ایجنٹ ملک کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ، قوم 8فروری کا دن لٹیروں کے لیے یوم حساب بنا دے۔ ن لیگ، پیپلزپارٹی نے چار چار بار حکومتیں کیں۔ عوام کو ماضی کی کارکردگی بتائیں، اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کرتا ہوں۔ دیگر پارٹیوں کے سربراہ بھی جرات کریں۔ پشاور یونیورسٹی میں حقوق طلبہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر تعلیمی بجٹ کو جی ڈی پی کا سات فیصد کرے گی۔ طلبہ یونین بحال کریں گے، ماضی کی سب حکومتوں نے بحالی کے جھوٹے وعدے کیے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاکستان میں بچیوں کی تعلیم لازمی قرار دی جائے گی۔ ہر ڈویژن کی سطح پر خواتین کے لیے الگ سٹیٹ آف دی آرٹ یونیورسٹی بنائیں گے۔ ذہین بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے لیے وظائف دیں گے۔ سکول کالجز کاجدید انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائے گا۔ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، ان کے دئیے گئے استحصالی نظام نے نوجوان کو مایوس کیا۔ وہ جانتا ہے کہ اچھے نمبر لے کر بھی رشوت اور سفارش کے بغیر نوکری نہیں حاصل کر سکتا۔ اقتدار میں آکر ہر بچے کو سکول بھیجیں گے۔
برسراقتدار آکر بچیوں کی تعلیم لازمی، طلباءیونین بحال کریں گے: سراج الحق
Nov 23, 2023