پولیس ملازم ‘ اہلخانہ کو بیماری کےخلاف جنگ میں تنہا نہیں چھوڑا جائےگا:آئی جی

لاہور(نامہ نگار)پولیس کی ویلفیئر مینجمنٹ کمیٹی کی سکروٹنی پر آئی جی پنجاب نے مختلف اضلاع کے ملازمین کو طبی اخراجات کیلئے 21لگ بھگ لاکھ روپے جاری کر دیئے ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس بالخصوص کانسٹیبلان کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے بھرپور اقدامات جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی عارضہ صحت سے دوچار پولیس ملازم یا اسکے اہلخانہ کو بیماری کےخلاف جنگ میں تنہا نہیں چھوڑا جائےگا۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع سے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر سے متعلقہ کیسز کے دستاویزات مکمل کرکے سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں تاکہ ان پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ملازمین کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنٹرل پولیس آفس میں ڈی ایس پی محمد عمر فاروق سے ملاقات کی۔ ڈی ایس پی عمر فاروق دو برس قبل لاہور میں ڈیوٹی کے دوران مشتعل مظاہرین کے مظاہرے میں شدید زخمی ہوگئے تھے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مشتعل مظاہرین کے تشدد سے شدید زخمی ہونے کے باوجود ڈیوٹی پر ڈٹے رہنے والے ڈی ایس پی محمد عمر فاروق کی فرض شناسی کو شاندار الفاظ میں سراہا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی ایس پی محمد عمر فاروق کو غازی میڈل سے بھی نوازا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ڈی ایس پی محمد عمر فاروق کا نام پنجاب پولیس کی غازی وال پر کندہ کیا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن