کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے جو غیر ملکی سمجھتے ہیں کہ وہ اپنے وطن جانے سے بچ جائیں گے وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی کا کہنا تھا غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاو¿ن کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جان اچکزئی کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف مہم میں تمام حکومتی ادارے کام کر رہے ہیں، جو کسی غلط فہمی کا شکار ہیں کہ وہ بہانے سے بچ جائیں گے وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوری کے آخر تک 10لاکھ غیر قانونی تارکین کو واپس بھیجنے کی کوشش ہے، چمن بارڈر سے واپسی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ چند دنوں میں غیرقانونی تارکین کی واپسی کا عمل سست پڑگیا۔ ان کا کہنا تھا 14 ستمبر کی شام دہشتگردوں نے ولی تنگی ڈیم کی حفاظت پر مامور فوج اور ایف سی کی چوکیوں پر حملہ کیا تھا، ولی تنگی ڈیم ایک آسان ہدف تھا، دہشتگرد حملہ کرکے ڈیم سٹرکچر کو تباہ کرنا چاہتے تھے، پاک فوج اور ایف سی کے جوانوں نے حملہ آوروں کو منہ توڑ جواب دیا، مقابلے میں تین دہشتگرد مارے گئے اور کئی زخمی ہوئے۔ صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا حملہ آور دہشتگرد اپنے ساتھیوں کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے، آج تقریباً 38 دنوں بعد ولی تنگی کے علاقے سے ایک اور لاش برآمد ہوئی ہے، لاش کی باقیات میں صرف انسانی ڈھانچہ ملا ہے، باقیات کے قریب سے گولہ بارود، ہتھیار اور شناختی کارڈ برآمد ہوئے، یہ وہی دہشتگرد تھا جو 14 ستمبر کو ولی تنگی ڈیم پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ حملہ کرنے آیا تھا۔ جان اچکزئی کا کہنا تھا یہ دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں مارا گیا تھا، دہشتگرد حملے میں ناکامی پر بھاگ گئے اور ساتھی کی لاش پہاڑوں میں چھوڑ گئے تھے۔اسلام آباد سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی میں اسلام آباد پولیس نے تھانہ بنی گالہ، سبزی منڈی اور شمس کالونی کے علاقوں میں کارروائی کر کے 13غیر ملکی حراست میں لے لئے۔
جو غیر قانونی تارکین سمجھتے ہیں بچ جائیں گے، احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں: وزیراطلاعات بلوچستان
Nov 23, 2023