شمالی وزیرستان ، فورسز پر حملہ، 2جوان شہید، جنوبی وزیرستان، بم دھماکے، 5افراد جاں بحق

اسلام آباد پشاور باجوڑ (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ نیٹ نیوز) شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر دیسی ساختہ بم کے حملے میں پاک فوج کے 2جوان شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کے قافلے پر بم حملے میں پاک فوج کے لانس نائیک احسان بادشاہ (عمر: 33 سال، رہائشی: ضلع کرک) اور لانس نائیک ساجد حسین (عمر: 30 سال، رہائشی: ضلع کرم) شہید ہوگئے۔ علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔شہباز شریف‘ سابق صدر زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے اور محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں فورسز کے قافلے پر حملے کی مذمت کی ہے۔ شہداءکے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی مذمت کی ہے۔ ادھر جنوبی وزیرستان کے علاقے دڑرہ غونڈئی وانا میں بم دھماکہ ہوا۔ ڈی پی او فرمان اللہ نے کہا ہے کہ دھماکے میں قبائلی سردار اسلم اور ان کے بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ بم دھماکہ میں دو افراد زخمی ہوئے۔ ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقے ڈمہ ڈولہ خزانہ میں ہونے والے بم دھماکے میں انصار الاسلام کے سابق امیر مولانا عبدالسلام کے والد ستار خان جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔ عبدالسلام کے والد ساتھی کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد واپس جا رہے تھے کہ اس دوران ان کو نشانہ بنایا گیا۔

ای پیپر دی نیشن