پولیس مرکز لبرٹی کا دورہ، شہریوں کو انتظار کی زحمت نہ ہو، کام جلد نمٹایا جائے: محسن نقوی

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لبرٹی میں پولیس خدمت مرکز کا اچانک دورہ کیا۔ پولیس خدمت مرکز میں شہریوں کا بے پناہ رش تھا اور درخواست گزاروں نے کارروائی میں تاخیر کی شکایات کیں۔ بعض شہریوں نے 4،4 گھنٹے انتظار کرانے کی شکایات کیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے خدمت مرکز میں رش اور شہریوں کو انتظار کرانے کی شکایات پر برہمی کا اظہار کیا اور فوری طورپر سی ٹی او کو خدمت مرکز میں طلب کرلیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے انسپکٹر جنرل پولیس کو فون کیا اور پولیس خدمت مرکز کو 24گھنٹے آپریشنل رکھنے کی ہدایت کی۔ گزشتہ روز لاہور میں جاری 3ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے والٹن روڈ اور اے ڈی اے نالے کی ری ماڈلنگ و اپ گریڈیشن، کیولری انڈر پاس اور سینٹر پوائنٹ تا والٹن روڈ سی بی ڈی پنجاب قائد ڈسٹرکٹ پرا جیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور والٹن روڈ پر سیوریج کے پانی کی نکاسی پر اطمینان کا اظہارکیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے پورے والٹن روڈ کا معائنہ کیا اور تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک مینجمنٹ کے لئے موثر اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کو جتنی جلدی ہوسکے مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دورے کے دوران دکانیں بند کرانے کے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس کو فی الفور دکانیں کھولنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی موجودگی میں ہی فوری طور پر دکانیں کھولی گئیں۔ وزیراعلی محسن نقوی نے ترقیاتی منصوبوں کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا چیل چوک پر فلائی اوور بھی بنایا جائے گا جس سے ٹریفک کی روانی میں مزید آسانی ہوگی۔ سنٹر پوائنٹ سے والٹن روڈ تک سڑک کے منصوبے کو 31دسمبر تک مکمل کرنے کی دیڈ لائن دی ہے۔ یہ منصوبہ مکمل ہونے سے مین بلیوارڈ گلبرگ سے والٹن تک کا سفر صرف 3منٹ کا رہ جائے گا۔ کیولری انڈر پاس اگلے 4روز میں مکمل ہوجائے گا جبکہ گھوڑا چوک فلائی اوور 7دسمبر کو مکمل ہونے کی امید ہے۔ لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری اور بند روڈ کنٹرولڈ ایکسس پراجیکٹس پر دن رات کام جاری ہے اور جنوری کی ڈیڈ لائن ہے۔ قبل ازیں محسن نقوی نے گوجرانوالہ کے”منی ایچی سن“ ڈویژنل پبلک سکول کا تفصیلی دورہ کیا اور بچوں و بچیوں کے لیے تعلیمی و کھیلوں کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ڈی پی ایس میں 24 نئے کلاس رومز بنانے کا اعلان کیا۔ وزیراعلی نے کمشنر گوجرانوالہ کو ہدایت کی کہ کمپیوٹر لیب کے لئے مزید 50 جدید کمپیوٹرز کا انتظام کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بچوں و بچیوں کو لاہور کی سیر کی دعوت دی اور کہا کہ آپ کو وزیر اعلیٰ آفس اور گورنر ہاو¿س کا وزٹ بھی کرائیں گے۔ بعض بچوں اور بچیوں نے لائبریری کو کشادہ کرنے اور کینٹین پر اشیاءسستی کرنے کی درخواست کی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے موقع پر ہی کمشنر گوجرانوالہ اور پرنسپل سکول کو ہدایات دیں۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ آپ کے لیے آرٹس اور میوزک کی کلاسز شروع کرائیں گے۔ سیکنڈ شفٹ کے لئے سپورٹس سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے گا اور وہاب ریاض آپ کے ساتھ مل کر کرکٹ کھیلیں گے۔ کینٹین پر چیزیں بھی آپ کو مناسب قیمت پر ملیں گی۔ بچوں و بچیوں نے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات پر وزیر اعلی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ محسن نقوی جس محنت سے ترقیاتی منصوبے مکمل کرا رہے ہیں، اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ آپ نے اپنے کام سے عوام کے دل جیتے ہیں اور پورے ملک میں ”محسن سپیڈ“ کا ہی چرچا ہے۔ ان خیالات کا اظہار گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ فیصل ایوب‘ سابق صدور شیخ محمد نسیم‘ اخلاق احمد بٹ‘ رانا شہزاد حفیظ‘ عمر اشرف مغل اور دیگر اراکین نے کیا۔ گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران نے وزیراعلی محسن نقوی کو صوبہ بھر کی تعمیر و ترقی خصوصاً گوجرانوالہ ڈویژن میں عوامی فلاح و بہبود کے میگا پراجیکٹس کیلئے اربوں کے فنڈز فراہم کرنے اور کاروبار میں آسانی کے لئے دور رس اقدامات اٹھانے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

ای پیپر دی نیشن