چاکلیٹی ہیرو کے لقب سے مشہور پاکستان فلم انڈسٹری کے سپر سٹار وحید مراد کو دنیا سے رخصت ہوئے 40 برس بیت گئے لیکن وہ آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔وحید مراد نے 1959 میں 21 سال کی عمر میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز فلم ساتھی سے کیا، ان کی فلم ارمان نے باکس آفس کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے اور وحید مراد راتوں رات سپر سٹار بن گئے۔لباس، ہیئر سٹائل اور منفرد انداز کے سبب وحید مراد جیسی مقبولیت لالی وڈ کے کسی دوسرے ہیرو کے حصے میں نہ آسکی، وحید مراد نے سن 60 اور 70 کی دہائی میں شائقین کے دلوں پر راج کیا۔وحید مراد نے 125 فلموں میں کام کیا جن میں سے 38 بلیک اینڈ وائٹ اور 87 کلرڈ فلمیں شامل ہیں، وہ پاکستان فلم انڈسٹری کے واحد اداکار تھے جن کی فلموں نے سب سے زیادہ پلاٹینم، ڈائمنڈ، گولڈن اور سلور جوبلیاں کیں۔چاکلیٹی ہیرو کی بہترین فلموں میں ’دل میرا دھڑکن تیری‘، ’ہیرا اور پتھر‘، ’ارمان‘ ، ’عندلیب‘ ، ’مستانہ ماہی‘ ، ’دیور بھابھی‘،’ نصیب اپنا اپنا ‘ شامل ہیں، وحید مراد کو ستارہ امتیاز، لائف ٹائم اچیومنٹ اور نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے وحید مراد 23 نومبر 1983 کو 45 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، لیکن آج بھی وہ اپنے مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔
وحید مراد کو مداحوں سے بچھڑے 40 برس گزر گئے
Nov 23, 2023 | 15:37