لاہور(سپورٹس رپورٹر ) سابق کپتان سلمان بٹ نے قومی کرکٹ ٹیم کے فٹنس نظام کے بارے میں شدید تشویش کا اظہار کیا ہے جس میں کچھ کھلاڑیوں کو اتھلیٹک ٹیپ پر زیادہ انحصار کرنے کی وجہ سے ’’فلموں کی ممی‘‘ سے مشابہت قرار دیا ہے۔ سلمان بٹ کا یہ بیان فخر زمان کے گھٹنے کی انجری کے بارے میں اپ ڈیٹس کے ذریعے نمایاں ہونے والے کھلاڑی کی فٹنس کے بارے میں جاری بحث کے پیش نظر سامنے آیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ہم سب فخر کے گھٹنے کی انجری کے بارے میں جانتے ہیں لیکن جیسے جیسے وہ بڑے ہوتے ہیں، طاقت کی تربیت ضروری ہو جاتی ہے اور یہ صرف فخر ہی نہیں ٹیم کے ہر کھلاڑی کو اس کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے موجودہ فٹنس اپروچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صرف دوڑنا ہی جدید کرکٹ کے جسمانی تقاضوں کو برقرار رکھنے کیلئے کافی نہیں ۔ صرف دوڑنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ چستی، رفتار اور طاقت کو بڑھانے کیلئے پٹھوں کی مضبوطی پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔کھلاڑیوں کی طرف سے اتھلیٹک ٹیپ کے کثرت سے استعمال پر روشنی ڈالی اور ان کی شکل کو ممیوں سے تشبیہ دی۔انہوں نے کہا کہ میں ان کے گھٹنوں پر، ان کی ٹانگوں پر ٹیپ دیکھتا ہوں۔یہ حیران کن ہے۔ وہ ایتھلیٹوں کی طرح کم اور فلموں کی ممیوں کی طرح نظر آتے ہیں۔ کھلاڑیوں کو سپورٹ کیلئے ٹیپ پر انحصار کرنے کے بجائے پٹھوں کی نشوونما کو ترجیح دینی چاہیے۔ عضلات چربی سے زیادہ بھاری ہوتے ہیں لیکن آپ کی ہڈیوں کی حفاظت کرتے ہیں۔
سلمان بٹ نے قومی کرکٹرز کی فٹنس کو ’’فلموں کی ممی ‘‘سے مشابہت دیدی
Nov 23, 2024