اظہر علی پاکستان کرکٹ بورڈ کے یوتھ ڈویلپمنٹ کے سربراہ مقرر

لاہور(سپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کرکٹر و کپتان اظہر علی کو یوتھ ڈویلپمنٹ کا سربراہ مقرر کردیا۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی نے یوتھ ڈویلپمنٹ کا سربراہ کے طور پر سابق کپتان اظہر علی کو ذمہ داریاں سونپ دی ہیں، وہ اسوقت قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن کے طور پر بھی کام کررہے ہیں، ان کی تقرری ریکروٹمنٹ کے عمل کے مطابق کی گئی ہے۔پاکستان کرکٹ کے مستقبل کی تشکیل کیلئے نوجوانوں کی کرکٹ کی جامع حکمت عملی کو ڈیزائن اور نافذ کرنا، مضبوط گراس روٹ کرکٹ ڈھانچہ، ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشنوں کیساتھ مل کر ایج گروپ کے پروگراموں کو مضبوط کرنا، پی سی بی کے پاتھ وے پروگرام کے تحت ابھرتے ہوئے کرکٹرز کی تعلیم وتربیت، سیمینارز اور کلینک کا انعقاد خواہشمند کھلاڑیوں کیلئے آف فیلڈ ڈویلپمنٹ کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا شامل ہے۔پی سی بی نے اظہر علی کو ان کی تقرری پر مبارکباد دی ہے اور اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ان کا تجربہ اور وژن پاکستان میں نوجوانوں کی کرکٹ کی ترقی اور کامیابی میں اہم کردار ادا کریگا۔ اظہر علی نے کہا کہ میں اس اہم کردار کو نبھانے پر فخر محسوس کرتا ہوں اور پرجوش ہوں۔ میں خود ایج گروپ ، کلب اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے بعد یہ سمجھتا ہوں کہ مستقبل کے سٹارز کی تشکیل میں گراس روٹ کی ترقی کا اہم کردار ہے۔ اور میں اپنے ساتھیوں کیساتھ اپنے نوجوانوں کے ترقیاتی پروگرام کو مزید آگے بڑھانے کیلئے کام کرنے کا منتظر ہوں۔ ہمارا مقصد ٹیلنٹ کی شناخت کرنا اور انہیں اعلیٰ ترین سطح پر بہترین کارکردگی کے تمام لوازمات سے آراستہ کرنا ہے۔

ای پیپر دی نیشن