لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ٹی ٹونٹی کپ 7 سے 25 دسمبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔ پانچ ٹیمیں اے بی ایل سٹالیئنز، اینگرو ڈولفنز، لیک سٹی پینتھرز، نورپور لائنز، اور یو ایم ٹی مارخورز ٹائٹل کیلئے مدمقابل ہونگی۔ 19 دنوں کے دوران 22 میچز ہوں گے، جن میں چھ ڈبل ہیڈرز اور آٹھ سنگل ہیڈرز شامل ہیں۔ ڈبل ہیڈر میچز صبح 11 بجے اور سہ پہر 3.30 بجے شروع ہوں گے جبکہ سنگل ہیڈر والے میچ دوپہر 12 بجے مقرر کیے گئے ہیں۔ ڈبل لیگ مرحلے کے بعد ٹیبل کی ٹاپ ٹیم براہ راست فائنل میں پہنچے گی جبکہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں 23 دسمبر کو سہ پہر 3.30 بجے کوالیفائر میں آمنے سامنے ہونگی۔ فائنل 25 دسمبر کو سہ پہر 3.30 بجے شیڈول ہے۔
چیمپئنز ٹی ٹونٹی کپ 7دسمبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا
Nov 23, 2024