چیمپئنز ٹرافی کے کراچی میں جلوے ‘بلدیہ عظمیٰ ‘نجی کالج لے جایا گیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) دورہ پاکستان کے آخری مرحلے میں کراچی میں موجود چیمپئنز ٹرافی بلدیہ عظمیٰ کراچی کے صدر دفتر پہنچائی گئی۔میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے ٹرافی کا استقبال کیا۔میئر کراچی اور ناصر شاہ نے ٹرافی ہاتھوں میں تھام کر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا۔مرتضیٰ وہاب نے کہا  بھارت سیاست سے بالا تر ہو کر سوچے اور بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کرے۔ پی سی بی کے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کرنا مناسب نہیں ہو گا کیونکہ پھر ہر بار ایسے ایونٹ میں سیاست ہوگی، کھیل کو سیاست سے الگ رکھا جائے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ صدر آصف زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو سے ملاقات ہوئی تو انہیں اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرنے کے بارے زور دوں گا۔صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آئی سی سی کی جانب سے عالمی دورے پر نکلی چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان آنا خوش ائند ہے، پاکستان کی عوام کرکٹ سے گہری محبت رکھتی ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کو کلفٹن کے علاقے میں نجی کالج  لے جایا گیا، اس موقع پر چیمپئنز ٹرافی 2017ء کی فاتح پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی موجود تھے۔سرفراز احمد نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں،ٹرافی 25نومبر تک رہے گی۔ چیمپینز ٹرافی کی نمائش بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزارسمیت دیگر مقامات پر نمائش کی گئی۔ر فوٹو سیشن ہوا ۔ ٹرافی کو نیشنل سٹیڈیم لایا گیا جہاں سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر بھی پہنچے اور ٹرافی کیساتھ تصاویربنوائیں، سٹیڈیم پہنچنے پر جنرل منیجر ارشد خان نے ان کا استقبال کیا، صوبائی وزیر کے ہمراہ سیکرٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری بھی تھے۔ ٹرافی آج لاہور روانہ ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن