لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوزر شاد نے کہا پنجاب کی معاشی استحکام قومی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے کے طور پر پنجاب قومی معیشت کو آگے بڑھانے میں مرکزی کردار کررہا ہے۔ یہ بات انہوں نے لاہور چیمبر میں رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ تیمور سے ملاقات کے دوران کہی۔ پنجاب کی زراعت اور صنعت ملکی معیشت کا بنیادی ستون ہیں اور اس کا معاشی استحکام قومی سطح پر پائیدار ترقی کی ضمانت ہے۔ پنجاب کی معاشی کارکردگی صرف ایک صوبائی معاملہ نہیں بلکہ یہ پاکستان کی مجموعی معاشی سمت کا تعین کرتی ہے۔ صدر لاہور چیمبر نے کاروباری برادری کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت، توانائی کی قلت اور زیادہ ٹیکسوں کے منفی اثرات پر تشویش کا اظہار کیا۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار جو پنجاب کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، کو درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے فوری اصلاحات کی ضرورت ہے۔ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے پالیسیوں کا تسلسل اور بیوروکریٹک رکاوٹیں دور کرنا ضروری ہے۔ایم پی اے سعدیہ تیمور نے لاہور چیمبر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کاروباری برادری کے مفادات کے تحفظ کیلئے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ حکومت نجی شعبے کے ساتھ مل کر مسائل حل کرنے اور کاروباری ماحول کو سازگار بنانے کیلئے پرعزم ہے۔