کراچی(کامرس رپورٹر)کاروباری ہفتے کے آخری روز سٹاک مارکیٹ98ہزاراور99ہزارپوائنٹس کی 2بالائی حدیں عبور کرنے کے بعد97ہزار700پوائنٹس پر بند ہوا۔100 انڈیکس میں400پوائنٹس کااضافہ ریکارڈ کیا گیا تاہم مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 7 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے اور65.92فیصدحصص کی قیمتیں بھی گھٹ گئیں۔ سٹاک ماہرین کے مطابق معاشی اشاریوں میں مسلسل بہتری، زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ،شرح سود میں مزید کمی کی توقعات اور تجارتی خسارے میں کمی جیسے عوامل مارکیٹ میں تیزی لا رہے ہیں جس کی وجہ سے گزشتہ روزمارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح 99ہزار623پوائنٹس پر ٹریڈ ہوئی تاہم پرافٹ ٹیکنگ کی خاطر فروخت کے دباو سے مارکیٹ تنزی کا شکار ہوئی اور مارکیٹ98ہزار اور99ہزار پوائنٹس کی 2 نفسیاتی حد سے نیچے آگئی۔ کاروباری تیزی کے باوجود مارکیٹ کے سرمائے میں 7 ارب 30 کروڑ 8 لاکھ 65 ہزار 485 روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 125 کھرب 25 ارب 43 کروڑ 91 لاکھ 37 ہزار 461 روپے گھٹ کر 125 کھرب 18 ارب 13 کروڑ 82 لاکھ 71 ہزار 976 روپے رہ گیا۔
سٹاک مارکیٹ:سرمایہ کاروں کے 7 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے
Nov 23, 2024