لاہور(کامرس رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبر زآف کامرس اینڈ انڈسٹری،یونائیٹڈ بزنس گروپاور بزنس مین پینل(پروگریسو)کے تحت ’’ڈسٹرکٹ اور سیکٹرول اکانومی پر پہلا افتتاحی ڈائیلاگ سیشن‘‘ گورنر ہاؤس لاہور میں ہوا۔ تقریب سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان،ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ،یوبی جی/ایف پی سی سی آئی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر،سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں،نائب صدر و ریجنل چیئرمین ذکی اعجاز،یوبی جی کے صدر زبیر طفیل و دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ تقریب میں تمام چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری،سمال چیمبرز،ویمن چیمبرز اور جوائنٹ چیمبرز کے نو منتخب صدور اور گروپ لیڈرران نے شرکت کی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے شرکاء سے کہا آئی پی پیز کی وجہ سے ہی اس وقت ہماری صنعتیں خمیازہ بھگت رہی ہیں۔ ایف پی سی سی آئی کی کوشش سے ہی آئی پی پیز کا مسئلہ اجاگر ہوا اور 5آئی پی پیز بند کئے گے اور مزید بھی بند ہوں گے۔ ہمیں ٹیکس دینے والوں کو عزت دینا ہو گی۔ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ اور یوبی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر نے کہا ایف پی سی سی آئی کا ایڈوئزری بورڈ ڈسٹرکٹ اور سیکٹرول اکانومی پر دن رات محنت کر رہا ہے کیونکہ ڈسٹرکٹ اکانومی اور سیکٹرول اکانومی کا فروغ ملکی معیشت کی ترقی کیلئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔