لاہور(سپورٹس رپورٹر) چوتھے بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کی شاندار افتتاحی تقریب ہوئی جس میں افغانستان، بنگلہ دیش، سری لنکا ‘ جنوبی افریقہ اور نیپال کی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے ٹرافی کی رونمائی کی اور پنجاب حکومت کی جانب سے 20 ملین روپے کا چیک بلائنڈ کونسل کے چیئرمین سلطان شاہ کو پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے مہمان ٹیموں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ کھیل محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیتے ہیں اور زندہ دلانِ لاہور بلائنڈ ورلڈ کپ کی میزبانی کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں۔انہوں نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ میں عدم شرکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پہلے کبڈی میچ اور اب بلائنڈ ورلڈ کپ میں بھی شرکت نہیں کی، جو افسوسناک ہے۔انہوں نے کرکٹ کھیل کر ورلڈ کپ کا باضابطہ افتتاح کیا اور تمام منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔بلائنڈ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارت کیخلاف حریف ٹیموں کو واک اوور دیدیا گیا۔بلائنڈ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ آج سے پاکستان میں شروع ہو رہا ہے، بھارتی حکومت کے فیصلے نے بھارتی بلائنڈ ٹیم کو ایونٹ میں شرکت سے محروم کیا۔تاہم منتظمین نے ایونٹ کے میچز ری شیڈول کرنے کے بجائے بھارت کیخلاف ٹیموں کو واک اوور دیدیا۔آج شیڈولڈ میچ میں بنگلہ دیش، 24 نومبر کو جنوبی افریقہ اور 25 نومبر کو پاکستان کو واک اوور مل گیا۔ 26 نومبر کو افغانستان اور 29 نومبر کو نیپال کو بھارت سے میچ میں واک اوور ملا۔ پاکستان نے بھارت میں آئندہ سال ہونیوالے ویمنز بلائنڈ ورلڈکپ کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ۔چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ نے کہا کہ پاکستان ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی میزبانی کیلئے پوری طرح تیار ہے، بھارت کو کھیل میں سیاست کو نہیں لانا چاہئے۔ 2025 ء کے ویمنز بلائنڈ ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم بھارت نہیں جائیگی اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل میں ہم بھارت کی میزبانی کیخلاف اور ایونٹ کو نیوٹرل وینیو پر لے جانے کی تحریک پیش کریں گے تاکہ پاکستان ٹیم ایونٹ میں شرکت کر سکے۔ بھارت کو کھیل میں سیاست کو نہیں لانی چاہئے۔
بلائنڈ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، افتتاحی تقریب، ٹیموں کو بھارت کیخلاف واک اوور مل گیا
Nov 23, 2024