اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے ملاقات نہ کروانے کے کیس میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور آر پی او راولپنڈی کی غیرمشروط معافی منظور کرلی۔ پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحٰق خان نے سماعت کی۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبدالغفور انجم اور آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور آر پی او راولپنڈی کی غیر مشروط معافی منظور کرتے ہوئے توہین عدالت کی کارروائی شروع نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروانے پر توہین عدالت کے کیس میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے استدعا کی کہ آخری موقع دے دیں، آئندہ نہیں ہوگا اور عدالتی احکامات پر مکمل عمل درآمد ہوگا، انہوں نے عدالت میں بیان حلفی پیش کیا۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بھی عدالت سے غیر مشروط معافی طلب کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم کے حوالے سے پولیس کو آگاہ نہیں کیا گیا تھا، ہم سوچ بھی نہیں سکتے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کریں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ بچے بچے کو معلوم تھا کورٹ نے آرڈر کیا تھا آپ کہہ رہے ہیں ہمیں یہ آرڈر معلوم ہی نہیں۔ جسٹس سردار اعجاز اسحق نے کہا کہ مستقل بنیادوں پر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہورہی ہے، مجھے پتہ ہے آپ نے جان بوجھ کے نہیں کیا آپ سے کروایا گیا ہے، یا پھر یہ نام بتا دیں ان کو کس نے آرڈر کیا تھا، ہم ان کو نوٹس کر دیں گے۔ پی ٹی آئی کے شعیب شاہین نے عدالت کو بتایا کہ ہم گیٹ کے اندر موجود تھے اس کی ویڈیوز موجود ہیں، اپوزیشن لیڈر کو گھسیٹتے ہوئے لیکر جاتے ہیں، کوئی اور بندے نہیں تھے وہ صرف 5 بندے ہی موجود تھے۔ جسٹس سردار اعجاز اسحق خان نے ریمارکس میں کہا کہ شعیب صاحب ملک کا نظام ایک یا دو عدالتوں سے ٹھیک نہیں ہو گا، آپ کے ملک کا نظام عدالتوں کے ہاتھ سے نکل کر پارلیمنٹ کے ہاتھ سے نکل کر کہیں اور جا چکا ہے۔
ملاقات نہ کرانے کا کیس‘ سپرنٹنڈنٹ جیل‘ آر پی او نے معافی مانگ لی
Nov 23, 2024