اے پی این ایس وفد کی ملاقات، عظمیٰ بخاری کا اخبارات کو ٹینڈر نوٹس بحالی کا اعلان 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اے پی این ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی نے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری سے ملاقات کی۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اخباری صنعت کے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرا دی۔ اخبارات کو ٹینڈر نوٹس کے اجراء کی بحالی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اخبارات کو موجودہ حکومت کے دور کی ایک ارب اٹھارہ کروڑ کی ادائیگیاں کی جا چکی ہیں۔ زیر التوا ادائیگیاں بھی جلد کردی جائیں گی۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف ایسی کوئی پالیسی نہیں چاہتیں جس سے اخباری صنعت کو نقصان ہو۔  اے پی این ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہوا۔ سیکرٹری اطلاعات پنجاب اور ڈی جی پی آر بھی موجود تھے۔ عظمیٰ بخاری نے ایگزیکٹو کمیٹی کو یقین دہانی کروائی کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے اخباری صنعت کو درپیش مسائل حل کرنے کا کہا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پیپرا رولز کے تحت اخبارات کو ٹینڈر نوٹس کی معطلی کا فیصلہ واپس لینے اور دوبارہ سے ٹینڈر نوٹس جاری کرنے کا اعلان کردیا۔ عظمیٰ بخاری نے اخبارات کو ادائیگی کا پرانا طریقہ کار بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ حکومت پنجاب طویل المیعاد جامع میڈیا پالیسی بنا رہی ہے۔ اے پی این ایس نے اخباری صنعت کے مسائل حل کرنے پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ بشری بی بی نے برادر اسلامی ممالک سے متعلق شرمناک بیان بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر دیا ہے۔ فساد کی پلاننگ میں اس جھوٹ کا ذکر بلاشبہ ملک کے خلاف ایک سازش ہے۔ بانی پی ٹی آئی اور بشری پنکی کا ایجنڈا وہی ہے جو اسرائیل کا ایجنڈا ہے۔ بانی پی ٹی آئی اور بشری پنکی پاکستان کے ساتھ دشمنی میں آخری حد تک چلے گئے ہیں۔ بانی نے بطور وزیراعظم سعودی عرب، چین اور امریکہ کے ساتھ تعلقات نازک موڑ تک پہنچائے۔ پاکستان کو عالمی تنہائی کا شکار کرنے کے لئے ہر حربہ استعمال کیا۔ اب بشری پنکی اپنے شوہر کی نقش قدم پر چلتے ہوئے خارجہ پالیسی کو داؤ پر لگا رہی ہے۔  شہباز شریف نے دو سال میں بڑی محنت سے چین اور سعودی عرب کے ساتھ دوستانہ تعلقات بحال کیے ہیں۔ ایک جاہل اور ان پڑھ خاتون کا دوست ممالک کے خلاف بیان دینا ظاہر کرتا ہے کہ یہ ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ پاکستان کے عوام اب ان دونوں نوسر بازوں کا بھیانک چہرہ دیکھ چکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن