آئندہ سی ای سی میٹنگ میں حکومت سے علیحدگی کا مطالبہ کریں گے: رہنما پی پی 

Nov 23, 2024

لاہور (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سینئر نائب صدر، سابق وفاقی وزیر ٹیکسٹائل رانا فاروق سعید نے کہا ہے کہ اگلے ماہ ہونے والی سی ای سی میں حکومت سے علیحدگی کا مطالبہ کریں گے، کیونکہ ہمارے کارکن (ن) لیگ کے ساتھ معاہدے کے خلاف ہیں۔ ن لیگ والے کسی وعدے پر پورے نہیں اترے، ہم کب تک دھکا لگائیں گے۔ اب کچھ کرنا پڑے گا۔ تھوڑا انتظار کریں گے۔ ن لیگ والے نہ سمجھے تو سمجھانا پڑے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں حاجی عزیز الرحمن چن اور بشری منظور مانیکا کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رانا فاروق سعید نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اہم فیصلوں میں صوبوں کو ساتھ رکھنے کی روایت رکھی ہے۔ صوبے  چار اکائیاں ہیں، یہ ملتے ہیں تو پاکستان بنتا ہے۔ فاطمہ جناح کہتی تھیں کہ حکمرانوں نے ہماری ندیاں بیچ کھائی ہیں۔ جو اصل میں ہمارے دریا تھے۔ ہمارا دشمن ہمیں کچھ دینے کو تیار نہیں۔ ہم بہت بڑے بحران میں ہیں۔ سب صوبوں کو ساتھ لیکر چلیں گے تو ملک چلے گا۔ پنجاب اکیلا فیصلے کرے گا تو پاکستان نہیں چلے گا۔ پنجاب میں پانی کی زیادہ ضرورت ہے تو سندھ اور بلوچستان کو اعتماد میں لیں۔

مزیدخبریں