شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف (نظریاتی) کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا کہ 9 مئی کے کرداروں کو بالکل معافی نہیں ملنی چاہیے، ان سب کو کیفر کردار تک پہنچانے میں ہی پاکستان کی بقاء ہے۔ نوجوانوں کو آئین کی بحالی، قانون کی بالادستی، اداروں کے استحکام، کرپشن کے خاتمہ اور امریکہ سے آزادی، بیرونی مداخلت کی روک تھام جیسے نعروں سے ورغلایا نہیں جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضو اختر ڈار بھی ہمراہ تھے۔ اختر اقبال ڈار نے کہا کہ کفن باندھنے، جنازے پڑھنے اور گھیراؤ ،جلاؤ کی باتیں کرنے والے کسی طور پر بھی پاکستان سے مخلص نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل، برطانیہ اور امریکہ کی بانی تحریک انصاف کیلئے تڑپ، درد اور بے چینی اس بات کا ثبوت ہے کہ بانی پی ٹی آئی گریٹر اسرائیل اور نیوورلڈ آرڈر کا سپاہی ہے۔ 24 نومبر کی کال آئین وقانون، استحکام کی جنگ نہیں یہ اقتدار کی اور بانی پی ٹی آئی کی بقاء کی جنگ ہے۔