کرم میں لوگوں کو قتل کرنے والے وحشی درندے، انسانیت کے دشمن ہیں: عبدالخبیر آزاد 

Nov 23, 2024

لاہور (خصوصی نامہ نگار) بادشاہی مسجد لاہور میں جمعۃ المبارک کے عظیم اجتماع سے مولانا عبدالخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم فرقان حمید پوری کائنات انسانی کیلئے مکمل دستور حیات اور رشد وہدایت کا سرچشمہ ہے۔ آج امت مسلمہ اسلام اور قرآن پاک پر عمل کر کے ساری مشکلات و مسائل پر قابو پا سکتی ہے۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے ضلع کرم ایجنسی میں مسافر گاڑیوں پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی سخت مذمت کرتے ہیں، دہشت گرد بے گناہ لوگوں، خواتین اور معصوم بچوں کا قتل کر رہے ہیں، یہ وحشی درندے انسانیت کے دشمن ہیں،کرم واقعہ میں جانی نقصان پر لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا  گو ہیں۔ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہو تا، دہشت گردوں کا قلع قمع ضروری عمل بن چکا ہے۔ ملک دشمن طاقتیں پاکستان میں بدامنی و انتشار پھیلا کر عدم استحکام پیدا کر کے پاکستان کی قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔ پاکستان کی سلامتی، تحفظ و دفاع کیلئے پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج اور قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ گزشتہ روز بنوں چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کے حملے میں وطن کا دفاع کرتے ہوئے شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ پاکستان میں سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنا پی ٹی اے اور ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ عالمی برادری غزہ و لبنان پر اسرائیلی جارحیت رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے، ظالم اسرائیل انسانیت کا قاتل خونی درندہ بن چکا ہے۔ بعد نماز جمعہ ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی، عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، غزہ و فلسطین، لبنان و شام اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

مزیدخبریں