پارا چنار واقعہ حکومتی ناکامی ، گرینڈ جرگہ بنایا جائے ، تعاون کرینگے ،حافظ نعیم الرحمن  

کراچی (سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پارا چنار کا انتہائی افسوسناک اور سفاکانہ واقعہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی ہے ، ملک دشمن قوتیں عوام کے درمیان لسانی اور فرقی وارانہ بنیادوں پر تفریق اور تقسیم پیدا کرکے فساد کرانا اور ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہیں ، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ مسئلے کا حل نکالنے کے لیے سب کو جمع کر ے ۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کے ٹائون چیئر مینوں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ حافظ نعیم نے مطالبہ کیا کہ پارا چنار کے حوالے سے فوری طور پر گرینڈ جرگہ تشکیل دے ، جماعت اسلامی اس سلسلے میں اپنی خدمات پیش کرنے کے لیے تیار ہے ، جس طرح جنوبی اضلاع میں بعض جگہوں پرجماعت اسلامی کے صوبائی امیر و سابق سینیٹر پروفیسر ابراہیم نے آگے بڑھ کر کام کیا ہے اور اس کے نتیجے میں لوگوں کو ریلیف ملا ہے ،پاکستان اور افغانستان اپنی پالیسی ری وزٹ کریں اور مل بیٹھ کر مسائل حل کریں تاکہ ان قوتوں کو بھی واضح پیغام جائے جو خطے میں بد امنی چاہتی ہیں ، بلوچستان اور کے پی ایک طویل عرصے سے آگ میں جل رہے ہیں ، باجوڑ میں جماعت اسلامی کے مقامی جنرل سیکریٹری محمد حمید صوفی ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہوئے ، مسائل طاقت سے نہیں مذاکرات سے حل ہوں گے ، حکومت اور اداروں کی ذمہ داری ہے کہ فوج اور عوام کے درمیان دوریاں ختم ہوں ۔ 

ای پیپر دی نیشن