مارکیٹیں 8 بجے رات بند کرانے کیلئے عملدرآمد، فضائی آلودگی میں لاہور کا پہلا نمبر 

Nov 23, 2024

لاہور (خبرنگار+ این این آئی) ضلعی انتظامیہ نے مارکیٹوں کو رات 8 بجے اور ریسٹورنٹس کو رات 10 بجے کے بعد بند کروانے کے حکم پر عملدرآمد شروع کر دیا جس کے تحت ضلعی انتظامیہ نے اوقات کار کی خلاف ورزی کرنے والی 63 دکانوں کو سیل کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ لاہور کی مختلف تحصیلوں میں بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن کی قیادت میں 5 دکانیں سیل کی گئیں، جبکہ  سٹی 10 دکانوں کو سیل کیا۔ علامہ اقبال ٹاؤن میں  29 دکانیں بند کی گئیں۔ واہگہ زون میں 2 دکانیں سیل کیں، جب کہ تحصیل شالیمار میں  14 دکانیں بند کیں۔ دریں اثناء لاہور میں سموگ کا راج برقرار رہا۔ فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور گزشتہ روز بھی دنیا بھر کے شہروں میں پہلے نمبر پر رہا۔ فضائی آلودگی کی شرح 499پر جا پہنچی۔ کینٹ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 698 جبکہ ڈی ایچ اے کے علاقے کا اے کیو آئی 565 ریکارڈ کیا گیا۔ موسمیات کے مطابق 24نومبر تک شہر لاہور میں سموگ کی شرح میں اضافہ ہو گا۔ لاہور میں تاحال بارش کا کوئی امکان نہیں، البتہ پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برف باری متوقع ہے۔

مزیدخبریں