سکول سردیوں کی چھٹیوں کے بعد بچوں کو ٹرانسپورٹ فراہم کریں: ہائیکورٹ

Nov 23, 2024

لاہور (خبرنگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس میں  3 سال کی بچی کو گاڑیوں کی فٹنس چیک کرنے والے موبائل یونٹس کا افتتاح کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے حکم دیا کہ سردیوں کی چھٹیوں کے بعد سکول کے بچوں کو پک اینڈ ڈراپ کے لیے ٹرانسپورٹ دیں، سکول تمام انتظامات مکمل کریں، عدالت نے سکول بسوں کیلئے سکیورٹی ، اٹینڈنٹ ، ملازمہ سمیت دیگر انتظامات کرنے کا حکم بھی دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ بچوں کی آمد و رفت سکول بسوں کے ذریعے یقینی بنائی جائے اور جو سکول احکامات کو نہیں مانے گا اس کو سیل کر دیا جائے، بچوں کو سکول لانے اور لے جانے کی ذمہ داری سکول انتظامیہ پر ہوگی ،کوئی سکول ٹرانسپورٹ سے متعلق والدین کو یہ نہ کہے کہ ہم بچوں کی ذمے داری نہیں لیں گے۔ عدالت نے سموگ کم ہونے کا کریڈٹ پنجاب حکومت کو بھی دیدیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ گاڑیوں کی فٹنس سے متعلق 15 دن میں پالیسی بنا کر دے، محکمہ ٹرانسپورٹ ہر 3 ماہ بعد گاڑیوں کی انسپکشن کا پابند ہو گا، محکمہ ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرے، محکمہ ٹرانسپورٹ کے پاس تمام پبلک اور پرائیویٹ بسوں کا ڈیٹا ہونا چاہیے۔ عدالت  نے کہا کہ کسی نے والدین کو لیٹر لکھا کہ سکول ذمہ دار نہیں، تو اس کیخلاف سخت کارروائی ہوگی،  کونو کاپرس پودا ماحولیاتی آلودگی کا سبب ہے، اس کو تبدیل کیا جائے۔ عدالت نے پنجاب بھر میں کرشنگ پلانٹ لگانے پر پابندی عائد کردی۔ بچے سکولز کی جانب سے فراہم کی گئی ٹرانسپورٹ پر سکول آئیں، مزید سماعت 26 نومبر کو ہوگی۔

مزیدخبریں