اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے مابین سیاسی و دیگر امور کے حوالے سے تعاون اور مسائل کے حل کیلئے 11 رکنی کمیٹی قائم کر دی۔ کمیٹی کے ارکان میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر قانون وانصاف اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، انجینئر امیر مقام، مشیر وزیر اعظم رانا ثناء اللہ، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان، سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب،خواجہ سعد رفیق، جعفر خان مندوخیل اور بشیر احمد میمن کمیٹی میں شامل ہوں گے۔ وزیر اعظم نے کمیٹی کو پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد سیاسی تعاون اور مسائل کے حل کی ذمہ داری سونپ دی۔ کمیٹی پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے تعین کردہ ممبران کے ساتھ بات چیت سے آئندہ کے لائحہ عمل کو طے کرے گی۔
مسلم لیگ ن اور پی پی میں سیاسی، دیگر امور پر تعاون، وزیراعظم نے 11 رکنی کمیٹی بنا دی
Nov 23, 2024