سری نگر(کے پی آئی)بھارتی پولیس نے ضلع بارہمولہ میں دو صحافیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے معیب الحق اور سہیل خان نامی صحافیوں کو گرفتار کر کے انکے خلاف مقدمہ درج کر لیاہے۔ معیب الحق کا تعلق سوپور جبکہ سہیل خان کا دلنہ بارہمولہ سے بتایا جاتا ہے۔پولیس نے دعوی کیا کہ گرفتار کیے جانے والے صحافیوں نے فائرنگ کے ایک واقعے کے حوالے سے غلط رپورٹنگ کر کے امن و امان کا مسئلہ پیدا کرنے کی کوشش کی۔وسری جانب ضلع کشتواڑ میں بھارتی فوج کی حراست میں چار بے گناہ شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے ۔ بھارتی فوج کی 11 اراشٹریہ رائفلز کے بے لگام اہلکاروں نے کشتواڑ میں مغل میدان کے علاقے چاس میں چار بے گناہ شہریوں سجاد احمد، عبدالکبیر، مشتاق احمد اور معراج الدین کو اپنے کیمپ میں شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کو ایک بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکراتی عمل کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بندوق یا تشدد سے آج تک کوئی مسئلہ حل نہیں ہوا ہے۔ میر واعظ عمر فاروق نے سرینگرمیں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تنازعہ کشمیر کو سیاسی حل کی طرف لے جایا جائے۔ جبکہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے ضلع کشتواڑ میں شہریوں کے ساتھ ناروا سلوک کے ذمہ دار فوجی اہلکاروں کے خلاف فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے کہا، بھارتی حکومت ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کرے تاکہ احتساب کو یقینی بنایا جا سکے اور انسانی حقوق کی ایسی گھنائونی خلاف ورزیوں کو دوبارہ ہونے سے روکا جا سکے۔