ایچ ای سی ،کو ر سیرا کے ڈیجیٹل لرننگ اینڈ سکلز کے تیسرے مرحلے کا آغاز

Nov 23, 2024

اسلام آباد( خصو صی ر پور ٹ+خبر نگار )ہائر ایجوکیشن کمیشن، پاکستان نے کورسیرا کے تعاون سے جمعہ کو ڈیجیٹل لرننگ اینڈ سکلز انرچمنٹ انیشیٹو فیز تھری کا آغاز دیا، جس کے تحت پاکستان کی یونیورسٹیوں کے 100,000 طلبا اور فیکلٹی کو ڈیجیٹل لرننگ کے مواقع تک رسائی فراہم کی جائے گی۔  ڈیجیٹل لرننگ اینڈ سکلز انرچمنٹ انیشیٹو کے تیسرے مرحلے میں، ہائر ایجوکیشن کمیشن کورسیرا پر بارہ ہزار سے زیادہ آن لائن کورسز اور متعدد گائیڈڈ پراجیکٹس تک مفت رسائی کی پیشکش کرکے پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ہنر مندی کے فروغ کے مواقع اسپانسر کرے گا۔ رجسٹریشن یونیورسٹی کے طلبا اور تمام سرکاری اور نجی شعبے کے اعلی تعلیمی اداروں کے فیکلٹی ممبران کے لیے کھل گئی ہے ۔تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے ایچ ای سی کورسیرا پارٹنرشپ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ دو طرفہ شراکت داری کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کے لیے آن لائن سرٹیفیکیشن اور کورسز فراہم کرنے کے مواقع سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کو یقینی بنانا ہے۔ یونیورسٹیز، فیکلٹی اور طلبا پر زور دیا کہ وہ کورسیرا کورسز کو اپنائیں اور موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کورسیرا انٹرنیشنل گورنمنٹس کے ڈائریکٹر مسٹر میٹ کلین نے کہا کہ کورسیرا کو ایچ ای سی کے ساتھ شراکت داری پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ ایچ ای سی، پاکستان ملک کے نوجوانوں کے لیے تعلیم اور ہنر مندی تک رسائی کو بہتر بنا کر اہم رجحانات کوفروغ دیرہا ہے۔ ڈاکٹر جمیل احمد نے ایچ ای سی کی یونیورسٹیوں میں ہائی ٹیک سہولیات فراہم کرنے اور ملک کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے اعلی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ منسلک ہونے کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ 

مزیدخبریں