بشری بی بی نے برادر اسلامی ممالک سے متعلق شرمناک بیان بانی کے کہنے پر دیا: عظمیٰ بخاری 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ بشری بی بی نے برادر اسلامی ممالک سے متعلق شرمناک بیان بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر دیا ہے۔ فساد کی پلاننگ میں اس جھوٹ کا ذکر بلاشبہ ملک کے خلاف ایک سازش ہے۔ بانی پی ٹی آئی اور بشری پنکی کا ایجنڈا وہی ہے جو اسرائیل کا ایجنڈا ہے۔ بانی پی ٹی آئی اور بشری پنکی پاکستان کے ساتھ دشمنی میں آخری حد تک چلے گئے ہیں۔ بانی نے بطور وزیراعظم سعودی عرب، چین اور امریکہ کے ساتھ تعلقات نازک موڑ تک پہنچائے۔ پاکستان کو عالمی تنہائی کا شکار کرنے کے لئے ہر حربہ استعمال کیا۔ اب بشری پنکی اپنے شوہر کی نقش قدم پر چلتے ہوئے خارجہ پالیسی کو داؤ پر لگا رہی ہے۔  شہباز شریف نے دو سال میں بڑی محنت سے چین اور سعودی عرب کے ساتھ دوستانہ تعلقات بحال کیے ہیں۔ ایک جاہل اور ان پڑھ خاتون کا دوست ممالک کے خلاف بیان دینا ظاہر کرتا ہے کہ یہ ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ پاکستان کے عوام اب ان دونوں نوسر بازوں کا بھیانک چہرہ دیکھ چکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن