اسلام آباد(وقائع نگار ) انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپراکی عدالت نے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج پر درج مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنماؤں سلمان اکرم راجہ اور سردار مصروف خان کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔گذشتہ روز درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کے دوران دونوں ملزمان اپنے وکلاء عادل عزیزقاضی اور ملک اختر اعوان کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے،عدالت نے دونوں ملزمان کی حاضری لگائی اور استفسار کیاکہ ملزم زبیر کدھر ہے،جس پر وکیل نے بتایاکہ ملزم زبیر لاہور سے آرہا ہے کچھ دیر میں پہنچ جائیگا،جج نے وکیل سے کہاکہ کیا راستے بند ہیں،جس پر وکلاء نے کہاکہ جی رش بہت زیادہ ہے،وکیل عادل عزیزقاضی نے کہاکہ اس کیس میں سردار مصروف خان کی حد تک پولیس نے ضمنی لکھ دی ہے،عدالت کے جج نے کہاکہ وہ آپ متعلقہ کورٹ کو ہی آئندہ تاریخ پر بتایے گا،عدالت نے دونوں ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت2 دسمبر تک کیلئے ملتوی کردی۔
سلمان اکرم راجہ اور سردار مصروف خان کی عبوری ضمانت میں توسیع
Nov 23, 2024