موسمیاتی تبدیلیوں کے مسائل سے نمٹنے کیلئے مربوط کوششیں ناگزیر ،چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد (خبرنگار) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پیدا ہونے والے مسائل اور مشکلات سے نمٹنے کے لئے مربوط کوششوں کی اشد ضرورت ہے اور نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر جیسے فورم آفات کا بہتر مقابلہ کرنے اورتیار رہنے کی صلاحیت کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام اس بات کی عمدہ مثال ہے کہ ہم بحیثیت قوم کس طرح ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور زندگی اور معاش کے تحفظ کے لئے مربوط کوششیں کر سکتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ جدید دور میں ایسے مراکز انتہائی اہم ہیں۔انہوں نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این ای او سی (NEOC)کے جدید ترین سسٹمز، رئیل ٹائم مانیٹرنگ، ڈیٹا کے تجزیہ اور قبل از وقت خبردار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اور ہنگامی حالات میں بروقت معلومات فراہم کرنے میں سینٹر کے کردار کو قابل ستائش اور ناگزیر قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے قدرتی آفات کا مقابلہ کیا ہے تباہ کن سیلاب اورزلزلوں نے بڑے پیمانے پر تباہ کاریاں پھیلائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے سب سے کم کاربن خارج کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے تاہم ہم موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے میں تمام تر عالمی کاوشوں کا ساتھ دینے میں فعال کردار ادا کرنے کے لئے پر عزم ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کاپ29 جیسے پلیٹ فارمز پر پاکستان کی موجودگی اہم ہے۔ جہاں ہم اپنے تجربات سے دوسروں کو آگاہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف عالمی کاوشوں میں حصہ دار بھی ہے اور نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر قیام اس سمت میں ایک جرات مندانہ قدم ہے۔ جو کہ شہریوں کی حفاظت کے لئے پاکستان کے فعال انداز کی عکاسی کرتی ہے جو کہ اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ کوئی بھی مشکل پیش آئے تو ہم موثر طریقے سے جواب دینے کے لئے تیار ہوں۔ انہوں نے این ڈی ایم اے (NDMA)پر زور دیا کہ وہ مقامی اور عالمی سطح پر شراکت داری کو جاری رکھے تاکہ ہماری مشترکہ کوششیں بامعنی تبدیلی کو آگے بڑھا سکیں۔

ای پیپر دی نیشن