برطانیہ میں طوفان ”برٹ“ کا الرٹ جاری، سیلاب کا خطرہ

Nov 23, 2024 | 12:45

پ ر

 برطانیہ میں طوفان ”برٹ“ کا الرٹ جاری کر دیا گیا، طوفان کے باعث شدید برفباری، تیز ہواؤں اور سیلاب کا خطرہ ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق طوفان ”برٹ“ کے باعث برٹش گیس نے شہریوں کو خوراک اور پانی ذخیرہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ اس کے علاوہ بجلی بندش کے خدشے پر ٹارچ، موم بتیاں اور ایمرجنسی لائٹس گھروں میں رکھنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 6 سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے، سفرکرنے والے شہریوں کوگاڑی میں کھانا، پانی اورکمبل ساتھ رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کے روز اسکاٹ لینڈ میں 40 سینٹی میٹر تک برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، ڈارٹمور اور ساؤتھ ویلزمیں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

شمالی آئرلینڈ، مغربی اسکاٹ لینڈ میں ہوا کی رفتار 70 میل فی گھنٹہ تک جا سکتی ہے، پولیس نے اسکاٹ لینڈ میں شہریوں کوغیرضروری سفر سے گریزکی ہدایات جاری کی ہیں۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں برف باری اور سردی کی شدید لہر نے ہر شے کو منجمد کر دیا ہے، دھند، برف باری اور یخ بستہ ہواؤں نے پارہ نقطہ انجماد سے گرا دیا۔

برطانیہ کے مختلف علاقوں میں موسمِ سرما کی پہلی برف باری سے علاقہ ونڈرلینڈ کا منظر پیش کر رہا ہے، شاہراہیں برف سے ڈھک گئی ہیں۔

برطانیہ برفانی طوفان کی لپیٹ میں ہے، انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور شمالی آئرلینڈ کے علاقے برف سے ڈھک گئے ہیں، برف باری سے نظامِ زندگی مفلوج ہو گیا ہے، سردی کی لہر نے ہر شے کو منجمد کر دیا ہے، درخت، پودے، راستے، گاڑیاں اور گھر غرض ہر شے برف سے ڈھک گئی ہے۔


شمالی اسکاٹ لینڈ، شمالی انگلینڈ اور شمالی آئرلینڈ کے کچھ حصوں، مِڈ لینڈز اور مشرقی ویلز میں تاحال یلو وارننگ الرٹ ہے۔ برف باری اور شدید سردی کے سبب یارک شائر اور ڈربی شائر سمیت ویلز اور اسکاٹ لینڈ کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں