کاریں بنانے والی جنوبی کوریائی کمپنی ہنڈائی موٹرز نے فنی خرابی کی بنیاد پر امریکہ سے 1 لاکھ 45 ہزار سے زائد الیکٹریفائیڈ گاڑیوں کو واپس منگوانے کا اعلان کیا ہے۔
امریکا کے نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن کے بیان کے مطابق الیکٹرک گاڑیوں کو ڈرائیو پاور میں کمی کی وجہ سے واپس منگوایا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق واپس منگوائی جانے والی گاڑیوں میں 2022 سے 2025 ماڈلز کی کچھ آیونیک 5 اور آیونیک 6 الیکٹرک گاڑیاں شامل ہیں۔
اس کے علاوہ لگژری گاڑیوں جیسے جینیسس جی وی 60، جینیسس جی وی 70 اور جینیسس جی 80 کے الیکٹریفائیڈ ماڈلز بھی متاثرہ فہرست میں شامل ہیں۔
نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن (این ایچ ٹی ایس اے) کے مطابق گاڑیوں کے انٹیگریٹڈ چارجنگ کنٹرول یونٹس (آئی سی سی یو) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، جو کہ 12 وولٹ کی بیٹری کو چارج کرنا بند کر سکتی ہے اس خرابی کی وجہ سے گاڑی کی ڈرائیونگ پاور ختم ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہنڈائی کے ڈیلرز ان گاڑیوں کی فنی خرابی کو دور کرنے کیلئے پرزوں کا خصوصی معائنہ کریں گے اور متاثرہ پرزے تبدیل کرکے ان کا سافٹ ویئر اور فیوز اپڈیٹ کریں گے۔