برطانیہ نے تمباکو نوشی سے نجات کی نئی مفت گولی تیار کر لی

Nov 23, 2024 | 13:05

ویب ڈیسک

 برطانیہ نے تمباکو نوشی سے نجات کی ایک گولی تیار کی ہے جسے لوگوں کو مفت فراہم کیا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس نے اینٹی اسموکنگ گولی varenicline تیار کی ہے، اور یہ امید ظاہر کی ہے کہ اس دوا سے تمباکو سے متعلق سنگین بیماریوں کے علاج کی لاگت کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

این ایچ ایس کا کہنا ہے کہ ’ویرینکلائن‘ گولی برطانوی اسموکرز کو مفت دی جائے گی، اور تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ نکوٹین کی عادت ختم کرنے کے لیے ببل گم یا پیچز جیسے روایتی طریقوں کی نسبت ویرینکلائن زیادہ مؤثر ہے۔


این ایچ ایس نے رواں ہفتے یہ اعلان کیا ہے کہ تمباکو نوشی کرنے والے تقریباً 85 ہزار برطانوی یہ اینٹی اسموکنگ دوا حاصل کرنے کے اہل ہوں گے، اور اس کے ساتھ ساتھ انھیں تمباکو نوشی چھوڑنے میں مدد کے لیے ’بی ہیورل سپورٹ‘ بھی فراہم کی جائے گی۔

یونیورسٹی کالج لندن کی طرف سے کی گئی تحقیق کے مطابق اس دوا کے استعمال سے اگلے پانچ برسوں میں سگریٹ نوشی سے ہونے والی تقریباً 9,500 اموات کو روکا جا سکتا ہے۔ این ایچ ایس کے چیف ایگزیکٹو امانڈا پریچرڈ نے بتایا کہ ’’روز کھائی جانے والی یہ سادہ گولی ان لوگوں کے لیے گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے جو تمباکو نوشی چھوڑنا چاہتے ہیں۔‘‘

برطانیہ میں 2023 کی مردم شماری کے مطابق 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے تقریباً 11.9 فی صد بالغ (تقریباً 6 ملین افراد) تمباکو نوشی کرتے ہیں۔ برطانیہ میں ملک کے لحاظ سے بالغ تمباکو نوشوں کی تعداد درج ذیل ہے: انگلینڈ 11.6 فی صد، ویلز 12.6 فی صد، اسکاٹ لینڈ 13.5 فی صد، اور شمالی آئرلینڈ 13.3 فی صد۔

مزیدخبریں