ڈونلڈ ٹرمپ نے اسکاٹ بیسنٹ کو وزیر خزانہ نامزد کردیا

Nov 23, 2024 | 17:10

ویب ڈیسک

نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آنے والی نئی انتظامیہ کے لیے اہم عہدوں پر نامزدگیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے فنڈ مینیجر اور ارب پتی سرمایہ کار اسکاٹ بیسنٹ کو اپنی کابینہ میں وزیر خزانہ کے طور پر نامزد کرلیا ہے۔

ٹرمپ کی جانب سے یہ نامزدگی اٹارنی جنرل کے لیے نامزد میٹ گیٹز کی دستبرداری کے بعد سامنے آئی ہے۔


غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسکاٹ بیسنٹ انویسٹمنٹ فرم کی اسکوائر کیپیٹل مینجمنٹ کے بانی ہیں اور ان کا شمار ارب پتی سرمایہ کاروں میں کیا جاتا ہے جب کہ اسکاٹ کی نامزدگی سے توقع کی جارہی ہے کہ وہ اپنے معاشی ایجنڈے میں ٹیرف میں اضافہ کریں گے۔

ٹرمپ کا اسکاٹ بیسنٹ کی نامزدگی پر کہنا تھا کہ اسکاٹ کا شمار دنیا کے بڑے بین الاقوامی سرمایہ کاروں، جیو پولیٹیکل اور معاشی اسٹریٹیجسٹ میں کیا جاتا ہے، وہ امریکا کو ایک نئے سنہرے دور میں لے جانے کے لیے میری رہنمائی کریں گے۔

اس سے قبل نو منتخب امریکی صدر ٹرمپ نے ڈاکٹر جینیٹ نیشیوات کو سرجن جنرل کے طور پر نامزد کر دیا۔

نو منتخب امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نیشیوات لوگوں کو بااختیار بنانے میں یقین رکھتی ہیں، ڈاکٹر نیشیوات ادویات اور صحت سے متعلق ایک زبردست شخصیت ہیں، وہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہیں کہ امریکی شہریوں کو سستی اور معیاری صحت کی سہولتوں تک رسائی حاصل ہو۔


اُنہوں نے کہا کہ ڈاکٹر نیشیوات نے کورونا کی وباء کے دوران مریضوں کا علاج کیا اور سمندری طوفان کے متاثرین کا بھی خوب خیال رکھا۔

مزیدخبریں