”بلدیاتی نظام کے خاتمے کی کوششیں ناکام بنا دینگے‘ حکومت الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرے: جیوے پاکستان کنونشن

اسلام آباد (آن لائن) مقامی حکومتوں کے نظام کے حوالے سے منعقدہ جیوے پاکستان کنونشن کے شرکاءنے متفقہ طور پر حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ لوکل گورنمنٹ میں موجود خامیوں کو دور کر کے اس کو جاری رکھا جائے۔ اس کے خاتمے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیں گے۔ شدت پسندی اور انتہا پسندی کا خاتمہ مقامی حکومتوں کے نظام کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ الیکشن کمشن آف پاکستان فی الفور لوکل باڈیز کے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔ کنونشن سے خطاب کے دوران قومی تعمیر نو بیورو کے سابق چیئرمین دانیال عزیز نے کہا ہے کہ مقامی حکومتوں کا نظام قائم رہنا چاہئے۔ اس نظام کی مخالفت کرنے والے اپنی سیاسی موت آپ مر جائیں گے۔ مقامی حکومتوں کے حوالے سے درخواستیں مختلف عدالتوں میں زیر التوا ہیں جن کا جلد فیصلہ کیا جائے۔ دوسرے انتخابات کے لئے حالات سازگار ہیں تو لوکل گورنمنٹ الیکشن کے لئے حالات سازگار کیوں نہیں ہیں۔ سماجی تنظیم پتن کے سرور باری نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی جڑیں مضبوط کرنے کے لئے لوکل گورنمنٹ کا ہونا ضروری ہے پاکستان میں گورننس کو بہتر کرنے کے لئے یونین کونسل کو اختیارات دینے کی ضرورت ہے۔ مسلم لیگ (ق) ہم خیال گروپ کے سینئر نائب صدر سید کبیر علی واسطی نے کہا کہ ضلع اور تحصیل ناظمین کے انتخابات براہ راست ہونے چاہئیں۔ مقامی حکومتوں کا نظام جمہوریت کی بنیاد ہے اس نظام میں اصلاحات بہت ضروری ہیں۔ ہماری جماعت بلدیاتی نظام کے حق میں ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ انتخابات جلد از جلد کرائے جائیں۔ حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ اس نظام کو چلنے دے۔

ای پیپر دی نیشن