وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہےعدالتوں کا احترام کرتے ہیں،کسی سے ٹکراؤ ہے نہ آئندہ ایسا ہوگا۔

وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ان خیالات کا اظہار لاہورمیں پیپلزپارٹی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کےاجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں  ارکان اسمبلی نے فنڈزنہ ملنے کی شکایت کی، جس پروزیراعظم کا کہنا تھا کہ ترقیاتی فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اجلاس میں پنجاب حکومت کی اڑھائی سالہ کارکردگی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ ہم میثاق جمہوریت پر قائم ہیں اورتمام ترسیاسی مشکلات کے باوجود مفاہمتی عمل آگے بڑھائیں گے، پیپلزپارٹی نے ملک میں انتقامی سیاست کا خاتمہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے، حکومت ناصرف اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرے گی بلکہ آئندہ حکومت بھی اسی کی ہوگی۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے یقین دہانی کرائی کہ اقلیتوں کیلئے ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹے پرعملدرآمد ہوگا۔ انہوں نے غریبوں کیلئے پانچ مرلہ سکیم شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال بجلی کے نظام میں سترہ سو میگا واٹ کا اضافہ کیا ہے آئندہ سال بھی اتنی ہی بجلی سسٹم میں آجائے گی۔ حکومت غریبوں کو بلوں میں رعایت دینے پر غور کر رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن