وادی نیلم اوروادی لیپا کے پہاڑوں پر برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش کے باعث خنکی میں اضافہ ہوگیاہے۔وادی نیلم میں تاؤبٹ، کیل اورنوری ناڑ کے پہاڑوں پر ایک فٹ کے قریب برف پڑی چکی ہے جبکہ باغ، مظفرآباد ، حویلی ، نیلم، ہٹیاں بالا، راولاکوٹ اور دیر کوٹ میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا ہے۔ سردی کی لہر بڑھنے سے لوگوں نے گرم کپڑے پہننا شروع کر دیئے۔ لاہور میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردیوں کی آمد کا احساس ہونے لگا ہ ۔ گزشتہ رات سے ہی آسمان پر بادل چھائے ہوئے ہیں جبکہ چند علاقوں میں بوندا باندی بھی ہوئی ۔ ادھراٹک ، قائد آباد ، پھالیہ ، پسرور ، گجرات ، جھاوریاں اور گوجرانوالہ کے علاوہ دیگر شہروں سے بھی بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو تین روز تک مغربی ہوا کا دباؤ ملک کے بالائی حصوں میں برقرار رہے گا جس کے باعث اسلام آباد ، راولپنڈی ، لاہور، مالاکنڈ ، ہزارہ، پشاوراور کوئٹہ کے علاوہ شمال مشرقی بلوچستان،کشمیراورگلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔