صوابی (آئی این پی) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے امیر حیدر خان ہوتی کے دورہ صوابی کے دوران صوابی جہانگیرہ روڈ سے وزیر اعلیٰ کا قافلہ گزرتے ہی زوردار دھماکہ ہو گیا جس سے دو افراد زخمی ہوئے، وزیر اعلیٰ کے دورہ صوابی کے دوران ہیلی کاپٹر سے اترنے کے بعد گاڑیوں کے قافلے میں آرہے تھے، ان کا قافلہ صوابی جہانگیرہ روڈ پر مال لارہ کے مقام سے گزرنے کے چند منٹ بعد بنک کے سامنے سڑک کنارے گوبر کے ڈھیر پر ایک کھڑی موٹر سائیکل میں دھماکہ ہوا جس سے دو افراد زخمی ہوئے، سکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر تباہ شدہ موٹر سائیکل قبضہ میں لے لی۔ بعدازاں جلسے سے خطاب میں امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ تشدد کی راہ چھوڑ کر امن کی ضمانت دینے والوں کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیار ہیں بصورت دیگر انسانیت، اسلام اور بھائی بندی کی درخواست نہ ماننے والے دہشت گردوں کے خلاف آخری دم تک جہاد جاری رکھیں گے۔ بز دلانہ حملوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔ دہشت گردی اور سیلاب کی آزمائشوں کے باوجود اے این پی اپنی سیاست میں سرخرو ہو چکی ہے اور ترقیاتی کاموں میں سب سے آگے ہے۔