ہائیکورٹ نے الیکشن ٹربیونل کا سپیکر ایاز صادق کو کیا 5ہزار جرمانہ معطل کر دیا

Oct 23, 2013

لاہور (وقائع نگار خصوصی+ این این آئی) لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن ٹریبونل کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو کئے جانے والا پانچ ہزار روپے جرمانے کا حکم معطل کر دیا اور فریقین سے جواب طلب کر لیا۔ گزشتہ روز جسٹس سید منصور علی شاہ نے سپیکر سردار ایاز صادق کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن ٹریبونل کی جانب سے جواب داخل کروانے کے لئے انہیں جو نوٹس جاری کئے گئے وہ تاخیر سے موصول ہوئے۔ عدالت نے الیکشن ٹریبونل کی جانب سے جرمانے کا حکم معطل کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کر لیا۔ این این آئی کے مطابق سردار ایاز صادق نے الیکشن ٹربیونل میں جواب دعویٰ داخل کرتے ہوئے پٹیشن خارج کرنے کیلئے بھی درخواست دائر کر دی۔علاوہ ازیں سردار ایاز صادق کی طرف سے این اے 124 میں دھاندلی کے خلاف دائر درخواست پر الیکشن ٹریبونل میں جواب دعویٰ داخل کرا دیا گیا۔ سپیکر سردار ایاز صادق کے خلاف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے124 سے ان کے حریف تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن ٹریبونل میں انتخابی دھاندلی کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ حلقہ این اے 125 کے حوالے سے الیکشن ٹربیونل نے سماعت 7نومبر تک ملتوی کردی۔ دوران سماعت لاہور کے قو می اسمبلی حلقہ این اے125 سے کامیاب ممبر قومی اسمبلی و وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے موقف اختیار کیا گیاکہ الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں جس پر عدالت نے کیس کی سماعت 7نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے دھاندلی کے الزامات کے ثبوت طلب کرلئے۔

مزیدخبریں