اثاثوں کے گوشوارے جمع نہ کرانے پر 26 ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت معطل

Oct 23, 2013

اسلام آباد (نوائے و قت نیوز + اے این این) الیکشن کمشن نے مصطفی کمال اور فیصل رضا عابدی سمیت اثاثوں کے گوشوارے جمع نہ کرانے والے 26 ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کر دی، قومی اسمبلی کے 3، سینٹ کے 2، پنجاب کے 4، سندھ کے 9، خیبر پی کے کے 7 اور بلوچستان اسمبلی کے ایک رکن کو کام سے روکنے کیلئے متعلقہ اسمبلیوں اور سینٹ سیکرٹریٹ کو خطوط ارسال کر دیئے گئے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق مقررہ تاریخ تک اثاثوں کے گوشوارے جمع نہ کرانے والے 26 ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کر دی گئی ہے اور ان ارکان کو کام سے روکنے کیلئے سینٹ سیکرٹریٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے سیکرٹریٹ کو خطوط ارسال کر دیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق منگل کو مزید 14 ارکان نے گوشواروں کے اثاثے جمع کرائے اور آخری وقت اپنی رکنیت بچا لی۔ اثاثوں کے گوشوارے جمع نہ کرانے والوں میں ارکان قومی اسمبلی علیزے اقبال حیدر، عبدالرحمن کانجو اور شاہ جہاں بلوچ، سینٹ کے ارکان میں مصطفی کمال اور فیصل رضا عابدی بھی شامل ہیں۔ واضح رہے الیکشن کمشن نے ارکان پارلیمنٹ کو 30 ستمبر تک اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانے کی حتمی تاریخ دی تھی جس کے پندرہ روز بعد اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت معطل ہونا تھی تاہم عید کی چھٹیوں کے باعث 21 روز بعد معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ اس کے باوجود 26 ارکان نے تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔ اے پی پی کے مطابق پنجاب اسمبلی کے ارکان میں مسعود شفقت‘ علی عباس‘ وحید اصغر ڈوگر اور عبدالمجید خان نیازی‘ سندھ اسمبلی کے 9 ارکان میں عبدالر¶ف خان کھوسہ‘ غلام رسول خان جتوئی‘ فصیح احمد شاہ‘ محمد علی بھٹو‘ عزیز احمد جتوئی‘ بشیر احمد ہالیپوتو‘ جمیل احمد بھرگڑی‘ ثانیہ اور مکیشن کمار چاولہ نے اپنے گوشوارے جمع نہیں کرائے‘ خیبر پی کے کے 7 ارکان نے گوشواروں کی تفصیل جمع نہیں کرائی ان میں محمد عارف‘ محمد خان بہادر‘ محمد زاہد خان درانی‘ افتخار علی خان مشوانی‘ ضیا اﷲ خان بنگش‘ شاہ فیصل خان اور سردار ظہور احمد شامل ہیں اور بلوچستان اسمبلی کے ایک رکن ڈاکٹر شمع اسحاق بلوچ نے اثاثوں کی تفصیل جمع نہیں کرائی۔ ان ارکان کی رکنیت اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے پر بحال کر دی جائے گی۔ آن لائن کے مطابق الیکشن کمشن کی جانب سے رکنیت معطل ہونے کے نوٹیفکیشن کے بعد 26 ارکان رکنیت کی بحالی تک تنخواہ، مراعات اور دیگر اعزازیہ وغیرہ نہیں لے سکیں گے اور نہ ہی متعلقہ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کر سکیں گے۔نیٹ نیوز کے مطابق الیکشن کمشن نے کہا ہے غلط گوشوارے جمع کرانے والے ارکان نااہل ہو جائیں گے، گوشواروں کی معلومات غلط ہوئیں تو سزا ملے گی۔ الیکشن کمشن کا کہنا ہے غلط معلومات پر 3 سالہ قید یا 5 ہزار روپے جرمانہ ہو سکتا ہے، سزا کی صورت میں رکن 5 سال کیلئے نااہل بھی ہوسکتا ہے۔

مزیدخبریں