کوئٹہ (آئی این پی)کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پرویز مشرف کی نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں حاضری سے استثنیٰ دینے کے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شوکت عزیز سمیت 3 نامزد ملزمان کے دوبارہ وارنٹ جاری کر دیئے۔مقدمے کی اگلی سماعت 26 نومبر کو ہوگی۔ کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج طارق انور کاسی نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر نامزد ملزمان سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیر پاﺅ اور صوبائی وزیر داخلہ شعیب نوشیروانی پیش ہوئے جنہوں نے اپنی عبوری ضمانت کی درخواستیں دیں جبکہ پرویز مشرف کے وکیل نے انہیں حاضری سے مستثنیٰ قرار دینے کی درخواست دی۔ فریقین کے دلائل کے بعد عدالت نے مشرف کو استثنیٰ دینے کی درخواست پر فیصلہ 26 نومبر تک محفوظ کر لیا جبکہ عبوری ضمانت کی دراخوستوں پر بحث اگلی پیشی پر ہوگی۔ عدالت نے اکبر بگٹی کے قتل میں نامزد ملزمان سابق وزیراعظم شوکت عزیز، سابق گورنر بلوچستان اویس احمد غنی اور سابق ڈی سی او ڈیرہ بگٹی عبدالصمد لاسی کے عدالت میں پیش نہ ہونے کی بنا پر دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
بگٹی قتل کیس: مشرف کے حاضری سے استثنیٰ پر فیصلہ محفوظ‘ شوکت عزیز سمیت 3 ملزمان کے دوبارہ وارنٹ جاری
Oct 23, 2013