مقبوضہ جموں (آئی این پی) بھارت کے وزیر داخلہ سوشیل کمار شندے نے ایک بار پھر پاکستان کیلئے دھمکی آمیز لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا ہے پاکستان بہت سے معاملات پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتا ہے، اس نے یہی رویہ اختیار رکھا تو ہم اسے اسی قسم کا جواب دیں گے، بھارت نے ہمیشہ کہا کشمیر اس کا اٹوٹ انگ ہے اور کسی تیسرے فریق کی جانب سے اس میں مداخلت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ، دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے لئے خوشگوار ماحول پیدا کرنا ہوگا، ہم دیکھیں گے پاکستان اس حوالے سے کیا اقدامات اٹھاتا ہے پاکستان کی طرف سے ماضی کے مقابلے میں بھارتی علاقوں میں زیادہ در اندازی ہو رہی ہے، مصدقہ اطلاعات ہیں جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید نے خود ایل او سی پر موجود رہ کر دراندازوں کو بھارت میں داخل کرنے میں مدد دی۔ وہ منگل کو ایل او سی پر مختلف علاقوں کے دورہ کے موقع پر سامبا سیکٹر میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ بھارتی وزیر داخلہ نے بین الاقوامی سرحد پر سامبا، اکھنور، رنبیر سنگھ بپورا اور ہیرا نگر سیکٹرز کا فضائی جائزہ لیا۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں سوشیل کمار شندے نے الزام عائد کیا ان دنوں پاکستان کی طرف سے سرحدی علاقے میں کالعدم لشکر طیبہ اور جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید موجود ہیں۔ ہم نے ہمیشہ کہا ہے ہم دراندازوں کو وصول کر نے کی طرف ہیں بعض اوقات ہمیں سمجھوتہ کرنا پڑتا ہے لیکن اگر پاکستان غیر سمجھوتے والی پوزیشن لیتا ہے تو پھر ہمیں اس سے اس طریقے سے نمٹنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا ماضی کی نسبت رواں مرتبہ در اندازی بہت زیادہ ہو رہی ہے تاہم ہماری فورسز صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہیں ہم کہنے کی حد تک صرف سخت زبان استعمال نہیں کر رہے بلکہ ہم سخت اقدامات بھی اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہمیں نہیں معلوم سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا کیا مقصد ہے تاہم اس معاملے پر بات چیت کر رہے ہیں اور ہم اس مسئلے کا حل نکال لیں گے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان دو طرفہ مذاکرات کے لیے خوشگوار ماحول انتہائی ضروری ہے اب دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔اے این این کے مطابق بھارتی وزیر داخلہ سوشیل کمار شنڈے نے الزام عائد کیا ہے کنٹرو ل لائن پر دراندازی کے واقعات میں جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا میرے دورے کا مقصد بھارتی فوج کے جوانوں کو یقین دلانا ہے، دشمن سے مقابلے اور سرحدوں کی حفاظت میں بھارتی حکومت ان کے ساتھ ہے فوجی جوان ہمارے لئے اور قوم کیلئے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہمیں کنٹرول لائن پر دراندازی کے واقعات پر اضافے پر تشویش ہے۔